بہاولپور(نیوز ڈیسک) بہاولپور میں نئے تعینات ہونے والے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سروسز بہاولپور محمد ایاز اور بہاولپور سے ٹرانسفر ہونے والے چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو سروسز بہاولپور صاحبزادہ عبدالمتین نے اپنے دیگر افسران کے ہمراہ بہاولپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ظفر شریف کی دعوت پر چیمبر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر چیمبر کے صدر سید ظفر شریف، نائب صدر محمد اعظم قریشی، اراکین ایگزیکٹو، سابق صدور چوہدری عبدالجبار، شیخ محمد عباس رضا، چوہدری ذوالفقار علی مان، بہاولپور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اقبال چوہدری، اراکین چیمبر اور دیگر ٹیکس کنسلٹنٹس موجود تھے۔
مہمانوں کی آمد پر صدر چیمبر سید ظفر شریف نے خوش آمدید کہتے ہوئے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ چیف کمشنر صاحبزادہ عبدالمتین نے تقریب کے انعقاد پر صدر چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہاولپور سے خوشگوار یادیں لے کر جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کی بزنس کمیونٹی اور ایف بی آر کے درمیان اعتماد، ٹیکس کولیکشن کے اہداف کے حصول اور تاجر برادری کا تعاون ہمیشہ قابلِ تحسین رہا۔ انہوں نے بہاولپور کو پرامن شہر قرار دیتے ہوئے بہاولپور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے عہدیداران کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ٹیکس معاملات میں ہمیشہ پروفیشنل تعلق رہا۔
نئے تعینات چیف کمشنر محمد ایاز نے چیمبر میں مدعو کرنے پر صدر چیمبر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے بہاولپور کی تاجر برادری کو تمام ممکنہ سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ٹیکس کی ادائیگی میں بزنس کمیونٹی ادارے کے ساتھ تعاون کرے کیونکہ بزنس کمیونٹی اور ایف بی آر ایک دوسرے کے بغیر ادھورے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی ریونیو کا اہم ذریعہ ٹیکسیشن ہے اور Due ٹیکس کولیکشن ضروری ہے۔
تقریب سے بہاولپور ٹیکس بار ایسوسی ایشن کے صدر جاوید اقبال چوہدری نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے مہمانوں کے اعزاز میں تعریفی کلمات پیش کیے۔ آخر میں چیمبر کے نائب صدر محمد اعظم قریشی نے اظہارِ تشکر کیا جبکہ مہمانوں کو چیمبر کی جانب سے یادگاری شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔