بہاول پور (نیوز ڈیسک) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ملک گیر احتجاجی کال پر بہاولپور میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے، بجلی کے بھاری بھرکم بلوں، تاجر دشمن اسمارٹ لاک ڈاؤن، بے قابو مہنگائی اور حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاجی مظاہرے کی قیادت ضلعی امیر جماعت اسلامی نصراللہ خان ناصر اور امیر پی پی 253 عازم غزالی نے کی، جبکہ جماعت اسلامی کے مقامی رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے "مہنگائی نامنظور”، "ظالمانہ ٹیکس واپس لو”، "عوام دشمن فیصلے مسترد” اور "حکومت ہوش کے ناخن لے” کے نعرے لگائے۔
ضلعی امیر نصراللہ خان ناصر نےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی، بیروزگاری اور معاشی بدحالی کی طرف دھکیل دیا ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ کر کے ہر طبقہ فکر کی مشکلات میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول مہنگا ہونے سے ٹرانسپورٹ کرایوں میں اضافہ ہوتا ہے جس کے نتیجے میں روزمرہ استعمال کی اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کے بلوں میں ناجائز ٹیکسوں اور اضافی سرچارجز نے غریب اور متوسط طبقے کی کمر توڑ دی ہے۔ عوام کے لیے یہ فیصلہ کرنا مشکل ہو چکا ہے کہ وہ بجلی کے بل ادا کریں یا گھر کا راشن خریدیں۔
امیر پی پی 253 عازم غزالی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نام پر تاجروں کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ ایک طرف مارکیٹیں بند کی جا رہی ہیں اور دوسری طرف تاجر برادری پر ٹیکسوں اور یوٹیلٹی بلوں کا بوجھ بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں کو سہولت دینے کے بجائے ان کے روزگار کے راستے بند کر رہی ہے۔
مقررین نے کہا کہ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں اور شاہانہ اخراجات میں مصروف ہے جبکہ عوام دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، بجلی کے بلوں میں ریلیف، ناجائز ٹیکسوں کے خاتمے، تاجروں کے مسائل کے حل اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کیے تو احتجاجی تحریک کو مزید تیز اور وسیع کیا جائے گا۔