بہاولپور(نیوز ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالواہاب نے دو روز کے دوران 8 مختلف مقامات پر کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا۔
ڈی پی او نے ایس ڈی پی او آفس سرکل احمدپورشرقیہ، تھانہ سٹی و صدر احمدپورشرقیہ، اپنے دفتر، ایس ڈی پی او آفس سٹی و صدر سرکل، تھانہ کینٹ اور تھانہ صدر بہاولپور میں کھلی کچہریاں منعقد کیں۔
کھلی کچہریوں میں اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی جہاں شہریوں نے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں۔ ڈی پی او رانا عبدالواہاب نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور متعلقہ افسران کو فوری حل کے احکامات جاری کیے۔
اس موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالواہاب نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا مقصد وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کے مسائل کو میرٹ پر بروقت حل کرنا اور عوام و پولیس کے درمیان اعتماد کی فضا کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عوامی خدمت کے جذبے کے تحت شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔
علاقہ مکینوں نے ڈی پی او بہاولپور کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے پولیس افسران سے براہِ راست رابطہ ایک خوش آئند اور مثبت قدم ہے، جس سے عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔