بہاول پور(ریگزار نیوز)پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کی تقریب حلف برداری بحیثیت صدر ڈسٹرکٹ بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن منعقد ہوئی۔ تقریب کا انعقاد ڈپٹی کمشنر آفس بہاولپور کے کمیٹی روم میں نہایت وقار اور سادگی کے ساتھ کیا گیا جہاں مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات، اسکاؤٹ لیڈرز اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں صوبائی سیکرٹری پنجاب بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد طارق قریشی نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور سید حسن رضا سے صدر ڈسٹرکٹ بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن بہاولپور کا حلف لیا۔ اس موقع پر شرکاء نے بھرپور خیرمقدم کیا اور اسکاؤٹنگ سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکاؤٹنگ نوجوان نسل کی کردار سازی، نظم و ضبط، حب الوطنی اور سماجی خدمت کے جذبے کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع بہاولپور میں اسکاؤٹنگ کی ترقی و ترویج کے لیے ہر ممکن وسائل اور تعاون فراہم کیا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹس کو قدرتی آفات، ہنگامی حالات اور سماجی خدمات میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے مزید تربیت فراہم کی جائے گی۔
صوبائی سیکرٹری محمد طارق قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی کمشنر بوائز سکاؤٹس ایسوسی ایشن ڈاکٹر احسان بھٹہ کی جانب سے پنجاب بھر میں جاری اسکاؤٹنگ پروگرامز، تربیتی ورکشاپس اور ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسکاؤٹنگ کے ذریعے نوجوانوں میں قیادت، خود اعتمادی اور خدمتِ خلق کا جذبہ پروان چڑھایا جا رہا ہے اور اس ضمن میں ضلعی سطح پر سرگرمیوں کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔
تقریب میں چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی بہاولپور توکل حسین، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرایلیمنٹری ایجوکیشن راؤ دلشاد، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرسیکنڈری ایجوکیشن زیتون کوثر، ڈویژنل اسکاؤٹس آرگنائزر لاہور حفیظ اللہ، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسراسپیشل ایجوکیشن محمد عمر شریف، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس سیکرٹری بہاولپور سردار عبدالستارخان، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹس آرگنائزر بہاولپور محمد وسیم، پرنسپل صادق ڈین ماڈل ہائی اسکول نصیر سیال، ڈویژنل میڈیا کوآرڈینیٹر پنجاب بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن محمد یامین، اسکاؤٹس کوآرڈینیٹر اسپیشل ایجوکیشن پنجاب سید طاہر حسین سمیت بہاولپور کے اسکاؤٹس لیڈرز اور اسکاؤٹس نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، قومی یکجہتی اور نوجوان نسل کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔ تقریب کے شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع بہاولپور میں اسکاؤٹنگ سرگرمیوں کو مزید فعال اور مؤثر بنایا جائے گا تاکہ نوجوانوں کو مثبت، تعمیری اور باوقار سرگرمیوں کی طرف راغب کیا جا سکے۔