بہاول پور(ریگزار نیوز)کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کے ہمراہ اندرون شہر کے تاریخی مرکز فرید گیٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور جاری ترقیاتی و بحالی منصوبوں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فرید گیٹ سے مسجد الصادق تک واقع تاریخی عمارات کی تزئین و آرائش کے کاموں کا جائزہ لیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے کمشنربہاولپور ڈویژن کو جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور مقررہ ٹائم لائن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر مسرت جبیں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے مقررہ مدت کے اندر اور اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں اور سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔ کمشنر مسرت جبیں نے کہا کہ فرید گیٹ بہاولپور کی تاریخی و ثقافتی شناخت کا اہم مرکز ہے اور اس کی بحالی اور خوبصورتی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
دورے کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ والڈ سٹی پراجیکٹ کے تحت فرید گیٹ میں سٹریٹ فرنیچر، ڈسٹ بنز اور بینچز کی تنصیب کا عمل جاری ہے جبکہ سٹریٹ لائٹس کی بہتری، فٹ پاتھ کی بحالی اور صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔کمشنر بہاولپور نے اندرون شہر کے دیگر تاریخی مقامات کی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات مزید تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو سختی سے مانیٹرنگ کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے تاریخی ورثے کا تحفظ اور شہری سہولیات میں بہتری وقت کی اہم ضرورت ہے اور اس ضمن میں عملی اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔
دورے کے موقع پر ڈائریکٹر والڈ سٹی، اسسٹنٹ کمشنر سٹی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ فرید گیٹ کو شہریوں اور سیاحوں کے لیے مزید پرکشش اور مثالی بنایا جائے گا۔