بہاول پور(نیوز ڈیسک)صادق پبلک سکول بہاول پور میں گرینڈ اسمبلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں نصابی، ہم نصابی، غیر نصابی، سائنسی اور تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات، اسناد اور تمغے تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے ہیڈ بوائے، ڈپٹی ہیڈ بوائز، ہیڈ گرل، ڈپٹی ہیڈ گرلز اور مختلف ہاؤسز کے پریفیکٹس کا تقرر بھی کیا گیا۔
پرنسپل بریگیڈیئر (ر) عبدالحفیظ نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں۔

ایمفی تھیٹر میں منعقدہ تقریب میں ملک بھر میں ہونے والے دو لسانی تقریری مقابلوں سمیت مختلف ہم نصابی، سائنسی اور تعلیمی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اعزازات سے نوازا گیا، جبکہ میٹرک، او لیول اور اے ایس لیول میں نمایاں نتائج حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو بھی سرٹیفکیٹس دیے گئے۔
تعلیمی سیشن 2026-27 کے لیے سرسید ہاؤس کے برہان اکبر کو ہیڈ بوائے مقرر کیا گیا، جبکہ محمود ہاؤس کے رستم خان اور انور سکندر ہاؤس کے روحان عبداللہ کو ڈپٹی ہیڈ بوائز کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ طالبات میں فاطمہ ہاؤس کی آمنہ احمد کو ہیڈ گرل جبکہ فیرل ہاؤس کی میرب فاطمہ اور خدیجہ ہاؤس کی علینہ قریشی کو ڈپٹی ہیڈ گرلز مقرر کیا گیا۔

مزید برآں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں منعقدہ 46ویں کل پاکستان دو لسانی تقریری مقابلے میں صادق پبلک سکول بہاول پور کی دو ٹیموں نے شرکت کی، جہاں سکول کی طالبہ بختاور امجد نے حوصلہ افزائی کا انعام حاصل کیا۔