چشتیاں (نیوز ڈیسک)ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) بہاولنگر مہر طالب حسین نے کہا ہے کہ ضلع بہاولنگر کی مختلف تحصیلوں چشتیاں، ہارون آباد، فورٹ عباس اور قصبات ڈونگہ بونگہ، ڈاہرانوالہ اور فقیروالی کے دیہات میں کپاس کی فصل مجموعی طور پر اچھی حالت میں ہے۔ انہوں نے کاشتکاروں پر زور دیا کہ وہ محکمہ زراعت (توسیع) بہاولنگر کی سفارشات کے مطابق فصل کی بھرپور نگہداشت کو یقینی بنائیں تاکہ فی ایکڑ بہتر پیداوار حاصل کی جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل میں پودوں کی مناسب تعداد برقرار رکھنا،کھادوں کا متوازن استعمال اور جڑی بوٹیوں کی بروقت تلفی انتہائی ضروری ہے۔ ان زرعی سفارشات پر عمل درآمد سے نہ صرف فصل کو بیماریوں اور کیڑوں کے حملوں سے محفوظ رکھا جا سکتا ہے بلکہ پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔
مہر طالب حسین نے محرم الحرام کی تعطیلات کے باوجود ضلع بہاولنگر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے کپاس کے کھیتوں کا معائنہ کیا، پیسٹ سکاؤٹنگ کی، فیلڈ سٹاف کی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور کاشتکاروں سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر انہوں نے محکمہ زراعت (توسیع) کی فیلڈ ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلع بہاولنگر کا فیلڈ عملہ ایامِ عاشورہ کی تعطیلات کے دوران بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کے لیے متحرک ہے اور فصل کی بہتری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے محکمہ زراعت (توسیع) کے فیلڈ عملے کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت کھیتوں میں گزاریں، ان کی بروقت رہنمائی کریں اور جدید زرعی سفارشات سے آگاہ رکھیں تاکہ فی ایکڑ بہتر پیداوار کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت نے زرعی گریجویٹ انٹرنز کی فیلڈ سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا اور انہیں ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں متحرک رہیں، کاشتکاروں سے مسلسل رابطے میں رہیں اور انہیں بروقت فنی معاونت فراہم کریں تاکہ کپاس کی بہتر پیداوار کے قومی ہدف کے حصول میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔