بہاول پور(نیوز ڈیسک)محکمہ زراعت نے پولیس کے ہمراہ غلہ منڈی اور گردونواح میں گندم کی زہریلی گولیوں (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو مقامات سے غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمات کے اندراج کے لیے متعلقہ تھانوں میں استغاثے جمع کروا دیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ بہاولپور جمشید ارشد کی سربراہی میں محکمہ زراعت کی ٹیم نے پولیس پارٹی کے ہمراہ غلہ منڈی میں چھاپہ مارا، جہاں زرعی اجناس کی دکان پر غیر قانونی طور پر زرعی زہریلی ادویات کی خرید و فروخت میں ملوث محمد یونس کو حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کے لیے استغاثہ تھانہ سول لائن میں جمع کروا دیا گیا۔
اسی طرح دوسری کارروائی کے دوران سمہ سٹہ میں مغل ٹریڈرز اینڈ ویلڈنگ ورکس پر چھاپہ مارا گیا، جہاں گندم کی زہریلی گولیاں بغیر لائسنس، ڈیلرشپ اور قانونی دستاویزات کے فروخت کرنے پر دکان کے مالک محمد مستنصر ولد محمد نواز کو حراست میں لے لیا گیا۔ اس کے خلاف بھی ایف آئی آر کے اندراج کے لیے استغاثہ تھانہ سمہ سٹہ بھجوا دیا گیا۔
محکمہ زراعت کے حکام کے مطابق ایلومینیم فاسفائیڈ کی غیر قانونی خرید و فروخت انسانی صحت اور جانوروں کے لیے سنگین خطرات کا باعث بن سکتی ہے۔ ایسی زہریلی ادویات کی غیر قانونی فروخت اور استعمال کی روک تھام کے لیے صوبہ بھر میں بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔